سرینگر: کشمیر کے صوبائی کمشنر، انشول گرگ، کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں سبھی سرکاری محکمے الرٹ پر رکھے گئے ہیں اور لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے عوام سے صرف سرکاری الرٹس اکتفا کرنے کی تلقین کی ہے۔
گرگ نے ان باتوں کا اظہار سرینگر میں ہنگامی طور طلب کی گئی ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا جس میں انہوں نے فی الوقت کشمیر وادی میں کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کو خارج از امکان قرار دیا۔
دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں کمی کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے سنگم اور سرینگر کے رام منشی باغ میں جہلم میں پانی کی سطح میں کمی واقع ہو رہی ہے، جس سے فی الحال کشمیر کے کسی بھی علاقے میں سیلابی صورتحال ٹل گئی ہے۔